6 اکتوبر 2016 - 20:05
معروف اہلسنت عالم دین شاہ تراب الحق قادری کراچی میں انتقال کرگئے

جماعت اہلسنت کراچی کے صدر علامہ شاہ تراب الحق طویل عرصے سے گردے کے مرض میں مبتلا تھے اور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق معروف اہلسنت عالم دین سید شاہ تراب الحق طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اہلسنت کراچی کے صدر علامہ شاہ تراب الحق طویل عرصے سے گردے کے مرض میں مبتلا تھے اور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ شاہ تراب الحق کے صاحبزادے شاہ سراج الحق نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شاہ تراب الحق طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں اور ان کی نماز جنازہ دارالعلوم امجدیہ میں ادا کی جائے گی۔ شاہ تراب الحق حیدرآباد دکن کے شہر ناند ھیڑ کے مضافاتی علاقے کلمبر میں اپنے وقت کے معروف عالم دین سید شاہ حسین قادری کے ہاں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم جامعہ نظامیہ حیدرآباد دکن میں حاصل کی۔ سقوط حیدر آباد کے بعد وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی اور ’’دارالعلوم امجدیہ‘‘ سے دینی علوم سے بہرہ ور ہوئے۔ دینی تعلیم مکمل کرنے کے بعد مختلف مساجد میں خطیب کے فرائض انجام دیئے اور آخری وقت تک ’’میمن مسجد‘‘ مصلح الدین گارڈن سابقہ کھوڑی گارڈن کے خطیب رہے۔

.......

/169